ملی مسلم لیگ رجسٹریشن کیس، وزارت داخلہ کے جواب نہ دینے پر عدالت برہم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر پابندی کے خلاف درخوست پر سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی، وزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ فاضل جج کی طرف سے وفاق کو جواب جمع کروانے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی گئی۔گزشتہ سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کروانے کی مہلت طلب کی تھی جس پر عدالت نے سماعت 18دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات قریب ہیں اس لیے اگلی سماعت پر جواب جمع کروایا جائے ، یاد رہے کہ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد کی جانب سے ایڈووکیٹ راجہ رضوان عباسی کے توسط سے الیکشن کمشن کی جانب سے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن مسترد کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاق کو فریق بنایا گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اس درخواست کی سماعت کررہے ہیں۔