• news

طاہر القادری کا فارو ق ستار سے پھر رابطہ، پرسوں لاہور میں ملاقات پر اتفاق

اسلام آباد + لاہور (خصوصی نامہ نگار + آن لائن) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القارینے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ایک بار پھر ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ 21دسمبر کو ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔ فاروق ستار نے طاہر القادری کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو انصاف دلانے میں ان کے ساتھ ہیں اور جو کچھ بھی ہوگا لاہور کی ملاقات میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر غور کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں وفود سے گفتگو میں طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصلہ کن احتجاجی تحریک اب سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے خلاف پاکستان کے عوام چلائیں گے ۔بربادی کے ذمہ دار عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکیاں دے کر اپنی اصل ذہنیت اور غیر ملکی ایجنڈا سامنے لا رہے ہیں مگر اس بار عدالت عظمیٰ کے لارجر بنچ سے متفقہ طور پر نا اہل قرار پانیوالا ملکی مفاد سے کھلواڑ نہیں کر سکے گا اور نہ ہی لوٹ مار کے اربوں کھربوں اسے انجام سے بچا سکیں گے ۔ملکی ادارے اتنے کمزور بھی نہیں ہیںکہ ایک جھوٹا شخص انہیں اپنے مذموم مقاصد کی خاطر بلیک میل کر سکے۔ طاہر القادری آج 19دسمبر کو سانحہ ماڈل ٹائون اور جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے تناظر میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اجلاس سے خصوصی خطاب کریں گے۔ طاہر القادری نے کہا کہ اس بار اشرافیہ کا پیچھا ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ساتھ محب وطن عوام بھی کر رہے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گزشتہ روز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے یتیم بچیوں کے ادارہ ’’بیت الزاہرہ‘‘ کا خصوصی دورہ کیا اور یہاں طلبا و طالبات کی فکری نشست سے خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن