کوئٹہ چرچ پر حملہ معاشرے میں انتشار پھیلانے کی سازش ہے: صدر لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گردوں کے حملوں اور بے گناہ لوگوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو سراہا ہے جن کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد زیادہ تباہی پھیلانے میں ناکام رہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ چرچ پر حملہ معاشرے میں انتشار پھیلانے کی گھناﺅنی سازش ہے لیکن ساری قوم نے متحد رہ کر اس سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوئی سرحد کوئی مذہب نہیں ہوتا کیونکہ کوئی بھی مذہب بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔