کرشنگ شروع نہ کرنے والی 3 ملز کو آج تک ڈیڈ لائن‘ کسی کو کاشتکاروں کے مفادسے کھیلنے نہیں دونگا: شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور کرشنگ سیزن کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کسان کا مفاد مجھے بہت عزیز ہے اور کسی کو بھی کاشتکاروں کے مفادات سے نہیںکھیلنے دوں گا۔ کاشتکاروں سے زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملز کو آج تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ ملیں نہ چلانے پر مینجمنٹ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور کاشتکاروں سے گنے کے پورے وزن کی وصولی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ کم وزن کی شکایت پر سخت کارروائی ہوگی۔ وزن کم کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ کاشتکار کا کسی صورت نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ میں کرشنگ سیزن اور اس ضمن میں ہر اقدام کی خود نگرانی کروں گا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 40 شوگر ملوں میں سے 37 ملیں کرشنگ کررہی ہیں۔ انجینئرنگ یونیورسٹی سائٹ آفس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین عام آدمی کی باوقار سواری ہے۔ تحریک انصاف نے اس منصوبے میں تاخیر کرا کے لاہور کے عوام سے دشمنی کی ہے۔ پی ٹی آئی نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر چھپے ہوئے دشمن کی طرح وار کیااور اسی جماعت کے باعث منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر ہوئی۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین نے 25 دسمبر کو چلنا تھا اور اپنا جادو جگانا تھا اور ڈیرہ گجراں سے علی پور تک روزانہ تین لاکھ لوگوں نے ٹرین پر سفر کرنا تھالیکن پی ٹی آئی نے غریب عوام سے کھلی دشمنی کی اور اس نے لاہور کے عوام کے ساتھ بھی دشمنی کی ہے۔ عمران نیازی نے ملک اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ انہوںنے خیبر پی کے اور پشاور کے عوام کا بھی وقت برباد کیا ہے۔ عمران نیازی گلا پھاڑ کر کہتے تھے کہ میں میٹرو بس نہیں بناؤں گا اور نہ وفاق سے فنڈ لوں گا لیکن سوا چار برس کے بعد وہ ایشین بنک سے قرضہ لیکر میٹرو بنا رہے ہیں۔ خان صاحب نے لاہور کی میٹرو بس کو جنگلا بس کہا۔ ہم نے لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں اپنے وسائل سے میٹرو بس پراجیکٹ بنائے ہیں جبکہ عمران نیازی قرض لیکر میٹروبس پراجیکٹ بنانے کا سوچ رہے ہیں۔میں دعا گو ہوں کہ پشاور کے عوام کے لئے میٹرو بس پراجیکٹ جلد بنے۔ تحریک انصاف کے وکلاء ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ گئے اور اس جماعت کے عہدیدار ولید اقبال نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی اور بعد میں پٹیشن واپس لے لی۔ آئندہ الیکشن میں کے پی کے کے غیور عوام نے مسلم لیگ ن کو خدمت کا موقع دیا تو ہم میٹرو بس پراجیکٹ کو جلد مکمل کرائیں گے اور عمران نیازی کے جھوٹ کو عوام کے سامنے لائیں گے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کا جلد افتتاح ہو گا اور یہ منصوبہ جنوبی ایشیا میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا۔ انصاف سب کے لئے برابر ہونا چاہیے۔ قبل ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سائٹ آفس میں اجلا س ہوا،جس میں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلی کو سول، الیکٹریکل، ومکینکل کاموں پر ہونے والی پیشرفت کے با رے میں بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں شہباز شریف نے لندن سے وطن واپسی کے بعد بغیر آرام کئے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیرتعمیر منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ اعلی الصبح زیر تعمیر منصوبے کی سائٹ پر پہنچے اور پہلے مرحلے کے تعمیراتی کاموں، میڈیکل آلات کی تنصیب پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیزکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پہلا مرحلہ وقت مقرر پرمکمل ہو۔انشاء اللہ ہماری مشترکہ کاوشیں رنگ لائیں گی اوربانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر پوری قوم بالخصوص پنجاب کے عوام کو منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا تحفہ دیں گے۔ شہباز شریف نے مقامی نیوز چینل کے پروڈیوسر شاہنواز نجمی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف ترکی اورلندن کے دورے کے بعد واپس لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان اورترک حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جبکہ استنبول کے میئر سے ملاقات انتہائی سود مند رہی۔ میئر استنبول سے ملاقات کے دوران صاف پانی پروگرام،واٹر ٹریٹمنٹ، ٹریفک مینجمنٹ اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور ترکی نے ان شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔