• news

انڈر19 ٹیم کو ایشیا کپ بھول کر غلطیوں سے سیکھنا ہو گاغ شعیب ملک

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) رواں ماہ ورلڈ کپ کھیلنے جانے والی پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پیپسی کے تعاون سے ہوا جس میں قومی کرکٹروں شعیب ملک ، جنید خان سمیت دیگر کرکٹروں اورشو بز سٹارز نے شریک ہو کر کھلاڑیوں کاحوصلہ بڑھایا۔ تقریب میں ورلڈ کپ کے لئے جانے والی پاکستان انڈر 19 کے کھلاڑیوں کو بلیزرز بھی دیئے گئے۔ کپتان حسان علی کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیم پر اعتماد ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ ٹائٹل جیت کر لوٹیں۔ پیپسی اور پی سی بی کے باہمی تعاون سے پیپسی فیوچر الیون سٹارز پروگرام کے تحت فیز ٹو میں 16ریجنز میں ٹرائلز اور ٹیموں کی تشکیل کی گئی تھی جنہوں نے قومی انڈر۔19کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ سے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم تشکیل دی گئی جو 21دسمبر کو دورہ آسٹریلیا، نیوزی اور جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے روانہ ہو گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں قومی جونیئر ٹیم کو گرین بلیزر دئے گئے۔ تقریب میں قومی ٹیم کے شعیب ملک، جنید خان، عثمان شنواری۔ پیپسی کے سینئر مارکیٹنگ منیجر سعد منور کے علاوہ شو بز فنکاروں عروہ حسین، میشاشفیع، عاطف اسلم، علی عظمت سمیت دیگرنے شرکت کی اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ جونیئر کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کی کارکردگی کو بھول کر اور پرانی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے ٹریننگ کا ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔لاہور میں قومی انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ میدان میں کرکٹ پربھرپورتوجہ مرکوزرکھیں، ڈسپلن کا مظاہرہ کریں تو ہر شعبے میں کامیابی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کوچز کی طرف سے نئے ٹیلنٹ کو اچھی ٹریننگ مل رہی ہے، نوعمری میں سیکھنے کا بہترین موقع ہوتا ہے، جونیئرز کو چاہیے کہ وہ سینئرز کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت کریں۔یاد رہے کہ 13 جنوری سے 3 فروری تک شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی انڈر 19 ٹیم 22 دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گی۔ راستے میں پہلا پڑاؤآسٹریلیا میں ہو گا جہاں 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی بعدازاں 2 میچز میگا ایونٹ کی میزبان کیویز کے ساتھ بھی ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن