• news

پی ایچ ایف نے مستعفی ہیڈ کوچ فرحت خان کو سلیکشن کمیٹی کا رکن بنا دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی فرحت خان کو سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داریاں سونپ دیں۔تین رکنی قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں حسن سردار چیف سلیکٹر جبکہ ایاز محمود اور مصدق حسین ارکان ہیں‘ اب مزید 2 ارکان کا اضافہ کر دیا ہے، گزشتہ روز ہی ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے فرحت خان اور قاسم خان کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔فرحت خان نے انٹر ویو میں کہا کہ استعفیٰ کا ٹیم کی ناقص کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی سکلز بہتر نہیں ہیں کیونکہ وہ ماضی کے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہت کم محنت کرتے ہیں اور ان کے اندر کھیل کا وہ شوق نہیں ہے جو ماضی میں ہوتا تھا۔ پاکستان میں ہاکی کی مختلف صوبائی ایسوسی ایشنز میں تجربہ کار افراد کو شامل ہونا چاہیے جو سیاست کرنے کے بجائے صرف اور صرف ہاکی کی طرف توجہ دیں اور زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ کروائیں تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ ٹیم کا کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی لیکن جب تک کھلاڑی محنت نہیں کریں گے اور اپنی مہارت کو بہتر نہیں بنائیں گے اس وقت تک ٹیم میں بہتری نہیں آسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن