فلسطین، کشمیر کی آزادی کیلئے قیام پاکستان جیسا جذبہ پیدا کرنا ہوگا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے قیام پاکستان والے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے،مسلم حکمران اختلافات بھلا کر باہم متحد ہو جائیں، مقبوضہ فلسطین امت مسلمہ کے جسم کا حصہ ہے، غزہ کے مسلمان طویل عرصہ سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مسلم امہ مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں کو غاصب اسرائیل کے ظلم و بربریت سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کرے،مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے پورے عالم اسلام کو متحدو بیدار ہونا ہو گا،قبلہ اول سے ناجائز ریاست کا قبضہ ختم کروانا بہت ضروری ہے۔مرکز القادسیہ میں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مسلم حکمران مظلوم فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کی مدد کا حق ادا نہیں کر رہے۔ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینا مسلم حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر پوری انسانیت شرمسار ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے اس مسئلہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور فلسطین میں اسرائیلی فوجیوں کی درندگی پر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوںنے کہاکہ مسلم امہ کا ہر فرد فلسطین اور مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ آج عالم اسلام کے پاس بڑے وسائل موجود ہیں اس کے باجود فلسطین جل رہا ہے، اس کی بستیاں برباد اورقبرستان آباد ہورہے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کاحالیہ اعلان صلیبی جنگ کا آغاز ہے۔29دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں بڑی تحفظ بیت المقدس کانفرنس ہو گی جس میں شہر اور گردونواح سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔