مخالفین کو سمجھ آجانی چاہئے پنجاب آج بھی بھٹو کے جانثاروں کا ہے: بلاول
لاہور (خبرنگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں پارٹی کے کامیاب تاریخی جلسہ عام پر پارٹی جیالوں اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے غیور عوام کو اپنے پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے مخالفین کو سمجھ آجانی چاہئے پنجاب آج بھی بھٹو اور بی بی شہید کے جانثاروں اور چاہنے والوں کا ہے میں اس تاریخی اور کامیاب جلسہ عام کی کامیابی پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود اور انکی ٹیم میں شامل تمام افراد کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ امید ہے وہ آئندہ عام انتخابات کے موقع پر بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بھاری اکثریت حاصل کرکے بھٹو اور بینظیر شہید کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں میرا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا یہ غریبوں اور کمزوروں سے محبت ہی تو تھی کہ بھٹو نے پھانسی کا پھندا چوم کر گلے کا ہار بنایا ورنہ وہ بھی کسی عرب ملک میں عیش و عشرت کی زندگی گزار سکتے تھے۔ شہید بی بی کے پاس کس چیز کی کمی تھی وہ چاہتیں تو دنیا کے کسی بھی ملک میں بہترین زندگی گزار سکتی تھیں مگر انہوں نے آسائشوں کو چھوڑ کر اپنے عوام اور وطن کے لیے جان کی قربانی دی آپ کی خاطر، ملک کی خاطر، غریبوں اور کسانوں کی خاطر، اپنی ماوں اور بہنوں کی خاطر، ملک کی تقدیر بدلنے کی خاطر، انہوں نے میری، بختاور اور آصفہ کی بھی پروا نہیں کی۔ غریب نادار مجبور مزدور کسان ہماری طاقت ہیں ہمارا جینا مرنا ان کے ساتھ ہے وقت کے فرعون اور طالح آزماء ہمیں اپنے وطن اور عوام سے محبت سے روک نہیں سکتے۔