آئندہ مالی سال بجٹ مئی میں پیش کئے جانے کا امکان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئندہ مالی سال کا بجٹ مئی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں بجٹ کی تمام دستاویزات اور سمریز تیار کر کے وزارت خزانہ کو دے دی جائیں تاکہ کابینہ سے منظوری کے بعد بجٹ پیش کیا جاسکے۔ اس سلسلہ میں جو شیڈول تیار کر کے تمام سرکاری اداروں کو بھیجا گیا ہے اسکے مطابق ابتدائی نوعیت کے نئے بجٹ تخمینہ جات اور رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات 30 جنوری تک پیش کردئیے جائیں گے۔ حکومتی محاصل کے حتمی تخمینہ جات 14 مارچ کو جمع کرانے ہوں گے۔ آئندہ مالی سال بجٹ کی ترقیاتی حکمت عملی یکم فروری تک تیار کر لی جائے گی جو فروری 2018ء کے دوسرے ہفتے میں منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کی جائے گی۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں بجٹ کی ترجیحات کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ سالانہ ترقیاتی منصوبے کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اپریل کے وسط میں منعقد کیا جائیگا۔ این ای سی میٹنگ اپریل کے آخری ہفتے میں ہوگی۔