• news

پہلی چائلڈ کورٹ کا افتتاح، بچوں کے کھیل کود کی زندگی عدالتوں کی نذر نہیں کرسکتے: جسٹس منصور

لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹس ہائیکورٹ منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس لاہورمیں پہلی چائلڈ کورٹ کا افتتاح کر دیا۔چائلڈ کورٹ پاکستان میں اپنی طرز کی پہلی عدالت ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ عدالتوں میں مقدمات میں دیر لگ جاتی ہے، ہم اس دورانیہ کو کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن اسکے باوجود بچوں کے مقدمات بھی زیر التوا تھے جو بچوں کی زندگی پر گہرے منفی اثرات پڑ رہے تھے، ہم بچوں کی کھیل کود کی زندگی کو عدالتوں کی نذر نہیں کر سکتے۔ ہماری ٹیم نے اس حوالے سے کام شروع کیا۔ سیشن و کریمینل کیسز کو علیحدہ کر رہے ہیں تاکہ مقدمات جلد از جلد نمٹائے جاسکیں۔ عدالت کا ڈیزائن ایسا بنایا ہے کہ جو بچوں کیلئے باسہولت ہے ویٹنگ روم میں بچے کی کونسلنگ بھی کی جا سکے گی اور جلد ہی پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سائیکالوجی کے طلبہ یہاں آئیں گے اور بچوں کی کونسلنگ میں ہماری مدد کریں گے۔ بہت جلد بزرگ شہریوں کے مقدمات کیلئے بھی ایک علیحدہ عدالت قائم کی جائیگی۔ ہر کام کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے ہم صاف نیت سے کام کرتے ہیں اور اللہ تبارک وتعالی ہماری مددکرتا ہے۔ پراجیکٹ کا دائرہ کار سول مقدمات اور پھر تمام چھتیس اضلاع تک پھیلایا جائیگا۔ چائلڈ کورٹ کا انٹیریئر ڈیزائن لٹل آرٹ نامی تنظیم نے کیا ہے جبکہ کورٹ ویٹنگ روم میں خوبصورت پینٹنگز اور کھلونے روٹس سکول سسٹم اسلام آباد کے بچوں نے مہیا کئے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد اختر بھنگو کو کورٹ کا جج تعینات کیا گیا ہے اور عدالت میں ابتدائی طور پر 80 مقدمات بھیجے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن