جہانگیر ترین کی خالی نشست پر الیکشن 12 فروری کو ہو گا، نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا
اسلام آباد ، لاہور (خصوصی نمائندہ+ این این آئی) الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیئے گئے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ ضمنی انتخابات 12 فروری کو ہوں گے، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں موجودہ اسمبلی کا واحد حلقہ ہوگا جس میں پانچ سال کے دوران تین بار انتخابات ہوں گے، اس حلقے میں 2013 کے انتخابات میں پہلے آزاد امیدوار صدیق بلوچ کامیاب قرار پائے جو بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ان کو جہانگیر ترین کی درخواست پر 2015 میں سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیا گیا۔ ضمنی انتخابات میں جہانگیر ترین کامیاب قرار پائے۔ دوسری طرف جہانگیر خان ترین کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔ فیصلے کی کاپی موصول ہونے کے بعد الیکشن کمشن نے جہانگیر خان ترین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی ان کا نام ویب سائٹ پر موجود اراکین اسمبلی کی فہرست سے ہٹا دیا ہے۔