راولپنڈی: پی ٹی وی کے ڈائریکٹر آئی ٹی، اہلیہ کی نعشیں گھر سے برآمد
راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقہ داتا گنج بخش روڈ پر سرکاری ٹی وی میں بطور ڈائریکٹر آئی ٹی کام کرنے والے 55 سالہ فخر حمید اور ان کی 50 سالہ اہلیہ حمیرہ حمید گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) راول ڈویژن بہرام خان نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی کی 7 سالہ بیٹی نے پولیس کو بیان دیا کہ جب وہ سکول سے واپس آئی تو اس کے والدین کی نعشیں گھر کے بیت الخلا میں پڑی تھیں۔ ایس پی نے بتایا کہ فخر حمید کے جسم پر کوئی کپڑا نہ تھا اور ان کے سر پر زخم موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ کے جسم پر زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک دونوں کی موت کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں تاہم لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔