• news

گجرات الیکشن میں ’’آپ‘‘ کے تمام امیدواروں کی ضمانتیں ضبط، نتائج نے مودی کو ہلا دیا: راہول گاندھی

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے الیکشن کے نتائج نے جہاں ملک کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے جہاں خطرے کی گھنٹی بجا دی وہیں دہلی پر حکمرانی کرنے والی عام آدمی پارٹی کو منہ کی کھانی پڑ گئی۔ پارٹی سربراہ اروند کیجریوال نے کچھ عرصہ قبل گجرات میں بھرپور طریقے سے سیاسی سرگرمیاں چلائیں مگر وہ گجراتیوں کو لبھانے میں ناکام رہے۔ ریاستی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کے تمام 29 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔ اسکے ایک امیدوار کو 282 دوسرے کو صرف 299 ووٹ ملے۔ دریں اثنا گجرات میں اس مرتبہ 16 سیٹیں زیادہ جیتنے والی جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے نئی دہلی میں ورکرز سے خطاب کے دوران کہا کہ گجرات انتخابات کے نتائج نے وزیراعظم مودی کو ہلا کر رکھ دیا۔ ریاست کے ووٹروں نے مودی کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا۔ بی جے پی کی اتحادی انتہا پسند جماعت شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں لکھا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے گجرات میں قابل ذکر کارکردگی دکھائی۔ الیکشن نتائج مودی کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔انڈیا کی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں چار مسلم امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گذشتہ انتخابات میں دو مسلم امیدوار منتخب ہوئے تھے۔جیتنے والے تمام مسلم امیدوار کانگریس پارٹی کے رکن ہیں۔ اس بار انتخابات میں کانگریس پارٹی نے چھ مسلمان امیدوار کو انتخابات میں اپنا نمائندہ بنایا تھا۔ خیال رہے کہ گجرات میں مسلم آبادی 9.67 فیصد ہے۔دوسری جانب بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست سے نہ صرف مسلمان غائب رہے بلکہ انتخابات میں مسلمانوں کے مسئلے کا کوئی ذکر بھی نہیں ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن