حوثی باغیوں کا شاہ سلمان کے محل پر حملہ ناکام‘ سعودی فورسز نے میزائل مار گرایا
ریاض‘ صنعاء (اے ایف پی + این این آئی) سعودی سکیورٹی فورسز نے ریاض شہر کی حدود میں یمنی حوثی باغیوں کی طرف سے یمامہ پیلس پر داغا گیا ایک اور میزائل مارا گرایا۔ رواں ماہ یہ اس نوعیت کا دوسرا بیلسٹک میزائل حملہ ہے۔ نومبر کو ریاض ائرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔باغیوں نے ایک بیان میں دعویٰ کیا شاہ سلمان کی سرکاری رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق ایسے وقت داغا گیا جب شاہ سلمان الیمامہ شاہی محل میں بجٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرنے جا رہے تھے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 10 روز میں سعودی اتحادی طیاروں کے حملوں میں یمن میں 136 شہری مارے گئے۔ صنعا‘ صعدہ میں 87 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں قیام امن کے لیے سرگرم عرب اتحادی طیاروں نے سعودیہ پر حملوں میں ملوث حوثی باغیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مرنے والے حوثیوں کی تعداد 22 ہو گئی۔ عرب ٹی وی کے مطابق ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ ایک فوٹیج میں حوثی باغیوں کے ایک گروپ کو سعودی عرب پرحملوں کے بعد اپنے خفیہ ٹھکانوں کی طرف جاتے دکھایا گیا ہے۔ یمنی نیوز اینکر الضبیانی بھائی کے جاں بحق ہونے کی خبر پڑھتے ہوئے جذباتی ہو گئے‘ کرب کا الم نمایاں تھا۔