شیخوپورہ کچہری میں پیشی پر آئے لیگی رہنما نذیر ڈوگر مخالفین کی فائرنگ سے محافظ سمیت قتل‘ بھائی شدید زخمی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) ضلع کچہری میں دن دیہاڑے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کرکے پیشی پر آنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نذیر عرف جیرا ڈوگر، اسکے گن مین اصغر کو قتل کردیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر مقتول نذیر ڈوگر کا سگا بھائی قمر شہزاد شدید زخمی ہوگئے، ضلع کچہری میں فائرنگ کے دوران ضلع کچہری میں بھگدڑ مچ گئی، ملزمان فائرنگ کرتے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ہونے والے قمرشہزاد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کے ایمرجنسی میں منتقل کردیا۔ ہلاک ہونے والوں کی نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ڈیڈ ہائوس میں منتقل کردیا گیا سکیورٹی لیپس کی وجہ سے دوافراد کے قتل کے بعد ورثاء نعشوں پر دھاڑیں مار مارکرروتے رہے، مقتول نذیر عرف جیرا ڈوگر کی دیرینہ دشمنی چلی آرہی تھی جس میں مخالف پارٹی کے مقتول عباس ڈوگر ایڈووکیٹ کے قتل میں نذیر ڈوگر عرف جیراڈوگر کو جوڈیشل کیا گیا تھا گزشتہ روز نذیر ڈوگر عرف جیرا ڈوگر اپنے سگے بھائی قمر شہزاد اور گن مین اصغر کے ہمراہ ضلع کچہری ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ضیاء اللہ کی عدالت میں پیشی پر آئے تھے کہ اچانک چادروں میں اسلحہ دبائے دونامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کار سے اتر کر عدالت میں جانیوالے تینوں افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر نذیر عرف جیرا ڈوگر اور اسکا گن مین اصغر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ جیرا ڈوگر کا بھائی قمر شہزاد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول نذیر عرف جیرا ڈوگر کا ایک گن مین جو ضلع کچہری کے باہر موجود تھا موقع پر نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے بچ گیا۔ واقعہ کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خان ورک، ایڈیشنل ایس پی، ڈی ایس پی سٹی محمد خالد، سکیورٹی انچارج محمد منظور اور سی آئی اے انچارج فیصل عباس چدھڑ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے پولیس نے تمام علاقہ کو کوارڈن آف کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی تاہم ابھی تک ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی، دوہرے قتل کی واردات کے بعد ضلع کچہری میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری طرف ورثاء دھاڑیں مار مارکرہسپتال میں روتے رہے، ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خان ورک کے مطابق دونوں خاندانوں میں2015سے دشمنی چلی آرہی ہے جیسے ہی مقتولین کی طرف سے درخواست موصول ہوگی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاجائے گا، اور ملزمان کو 24گھنٹوں میں گرفتارکرلیا جائے گا، ذرائع کے مطابق دونوں ہلاک ہونے والے افراد جس جگہ قتل کئے گئے ان کے اطراف میں کوئی بھی سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہ تھا پولیس کے مطابق ضلع کچہری میں 29سے زائد پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جس جگہ پر قتل کئے گئے ملزمان نے مسجد والی گلی سے نکل کر اچانک حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔پولیس نے مقتول کے بھائی فضل حسین کی مدعیت میں ملزمان جمشید، الطاف، رفیق وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ اشتر عباس نے دوہرے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ڈی پی او شیخوپورہ کو اپنے چیمبر میں طلب کرکے واقعہ کی تفصیلات معلومات کیں اور کچہری میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی پی او سے کہا کہ کچہری میں اسلحہ لیکر آنے والے افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں۔