گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ ناکام‘ تحریک طالبان کے2 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس اور حساس اداروں نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی ہے، سکیورٹی فورسز نے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں تحریک طالبان پاکستان قاری گروپ کے دو دہشتگردوں حامد بشیر اور منور کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، مائنز برآمد کرلیں، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق اسی گروپ سے ہے، جس نے اگست 2015 میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کو خودکش حملے میں نشانہ بنایا تھا، چرچ حملے میں ملوث دہشتگردوں کے فنگر پر نٹس کی نادرا سے شناخت نہیں ہو سکی اسکا مطلب ہے دہشتگرد غیر ملکی تھے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور حساس اداروں نے گلستان میں خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کر تے ہوئے ایک مبینہ خود کش حملہ آور، اسکے سہولت کار کو گرفتا ر کر لیا ہے ، مبینہ حملہ آور منور کا تعلق بلوچستان کے علاقے گلستان جبکہ سہولت کار حامد بشیر کا تعلق پنجاب سے ہے دونوں افراد نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر خودکش حملے کی تیاری کر رہے تھے جس کی تمام تر پلاننگ افغا نستان میں کی گئی اور حملہ آور نے افغانستان سے آنا تھا تاہم شبہ ہے کہ منور ہی حملہ آور ہے، گرفتار دہشتگردوں سے خودکش جیکٹس، ڈیٹو نیٹر، اینٹی ٹینک مائنز،بارودی سرنگیں، راکٹ گولے، بیٹریاں، پرائما کارڈ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ کرسمس پر پولیس، قانون نافذ کر نے والے اداروں کے اہلکار اور مسیحی برادری کے رضا کار بھی سکیورٹی پر مامور ہونگے۔ سکیورٹی کے پیش نظر یکم جنوری تک مسیحی برادری کی تقریبات صرف چار دن ہوں گی اور اس دوران مرکزی گیٹ بند رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر خودکش حملے کی کوشش کو بروقت ناکام بنانے اور ملزموں کی گرفتاری کو سراہتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔