دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے پرعزم روایتی دشمن کے خطرات نظرانداز نہیں کر سکتے: آرمی چیف
بہاولپور (نامہ نگار رپورٹ) آرمی چیف نے کہا ہے کہ روایتی دشمن کے خطرات کو نظر انداز نہیں کرسکتے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور میں ہونے والی سرما کی مجموعی ٹریننگ مشقوں کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈر بہاولپور نے آرمی چیف کو کور کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے جوانوںکی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کیخلاف مؤثر انداز میں جنگ لڑرہی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مصروف سہی، روایتی دشمن کے خطرات کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ خطرات کا جواب دینے کیلئے تیاریوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ قبل ازیں لاہور میں آرمی بینڈ کے رنگارنگ مقابلوں کی تقریب انعقاد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔ 15رجمنٹل سنٹرز19انفنٹری بٹالینز، پاک نیوی اور رینجرز نے شرکت کی فرنٹیئر فورس رجمنٹل سینٹر سے ملٹری براس بینڈ 2017کا مقابلہ جیت لیا آرمی چیف نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرنے والوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔