نواز شریف عدل موومنٹ کی تاریخ دیں، اسی روز تحریک قصاص شروع کرینگے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنی تحریک عدل چلانے کی تاریخ دیں اسی دن ماڈل ٹائون کے قتل عام پر ان کے خلاف قصاص قتل کی تحریک شروع کرینگے، وثوق سے کہہ رہا ہوں اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے، میرا اندازہ ہے کہ یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے، 31دسمبر کی ڈیڈ لائن حتمی ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت جاری ہے، آج فاروق ستار ایک بڑے وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے آرہے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف ظلم اور بربریت کا استعارہ ہیں اگر ان کے ٹیلیفون سنے جائیں، مرضی کے فیصلے ملیں تو یہ خوش، ذاتی رعایت کو ہی انصاف سمجھتے ہیں۔ نواز شریف اب صرف میڈیا پر تحریک چلاتے نظر آئیں گے، سڑکوں پر نکلنے کی ان میں ہمت اور جرأت نہیں، ماڈل ٹائون کے قتل عام کے بعد نواز شریف ،شہباز شریف کو عدل و انصاف کا نام لیتے شرم آنی چاہیے، سربراہ عوامی تحریک نے سردار عتیق احمد اور ان کے سینئر رہنمائوں کا مرکزی سیکرٹریٹ آنے اور شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا، ہم سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے استعفوں کے مطالبے کو حق بجانب سمجھتے ہوئے حمایت کرتے ہیں، طاہرالقادری اور سردار عتیق احمد کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی۔ منہاج القرآن میں ناجائز اسلحہ کی انبار کہاں گئے۔ شہباز شریف کے دست راست نے اسمبلی کے فلور پر سانحہ ماڈل ٹائون کی قتل و غارت گری کا اعتراف کیا، اب انہیں کوئی انجام سے نہیں بچا سکے گا، ان کا تخت ڈول رہا ہے، قانون و آئین کے مطابق ان کا مواخذہ ہو گا۔ سربراہ عوامی تحریک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف نے سینٹ میں جا کر یہ پیغام دیا ہے کہ فوج کا ادارہ بھی جواب دہ ہے اور اداروں پر مداخلت کی جو تنقید کی جاتی ہے یہ اس کا مثبت جواب ہے، عمران خان اور آصف علی زرداری سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔