.کراچی آپریشن کیلئے وفاق نے ایک روپیہ نہیں دیا:وزیرداخلہ سندھ
کراچی (صباح نیوز)وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی آپریشن کے لیے وفاق نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔کراچی میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتا ہوں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل رابطے میں ہوں۔سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے کام کر رہے ہیں، کاروباری طبقہ بھی پولیس کے ہسپتالوں کی مدد کرے۔ قیام امن کیلیے سب سے زیادہ آپریشن سندھ حکومت کر رہی ہے، جب کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ نقصان پیپلز پارٹی نے اٹھایا۔پاکستان کے حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں، کراچی کتنا ٹیکس دیتا ہے یہ سب وفاق کو پتا ہے کراچی آپریشن کے لیے وفاق نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ پولیس کو پنجاب سے بہتر تنخواہ دے رہے ہیں، جتنا فنڈ لاہور کو ملتا ہے اس کا آدھا بھی مل جائے تو کراچی لاہور سے بہتر ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر کول پروجیکٹ سے بجلی کی فی یونٹ قیمت آدھی رہ جائیگی۔