حیات آباد فیز ون میں ایف سی نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور میں خیبر ایجنسی کے سرحدی علاقے حیات آباد فیز ون میں فرنٹیر کانسٹیبلری (ایف سی) نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا، خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس دہشت گردوں نے ایف سی کے پکٹ نمبر 7 پر حملہ کیا تاہم جوانوں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ملزمان فاٹا کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کینٹ سرکل (ایس پی) وسیم ریاض کے مطابق حملہ گزشتہ شب رات گئے خیبر ایجنسی کے علاقہ شاہ کس نہر غاڑہ مستل خیل سے کیا گیا جہاں سے شدت پسندوں نے ایس ایم جی سے ایف سی کے پکٹ پر فائرنگ کی اور دستی بم بھی پھینکے، اطلاع ملنے پر پولیس، محسود سکائوٹس اور خاصہ دار اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی سے ملزمان بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پھینکے گئے گرینیڈ چوکی تک نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے آبادی کو بھی نقصان نہیں پہنچا، علاقہ میں بعد ازاں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ جس مقام سے دہشت گردوں نے حملہ کیا وہ منشیات کی خرید و فروخت کیلئے بدنام ہے اور یہاں پر متعدد منشیات فرخت کرنے کی دکانیں موجود ہیں جس کے خلاف مقامی انتظامیہ نے کئی بار کریک ڈائون کیا اور متعدد دکانوں کو بھی مسمار کیا تاہم مذکورہ نہر کے اوپر ان دکانداروں نے چھوٹے پل بنا رکھے ہیں جس کے ذریعے منشیات خریدنے والوں کی ان تک رسائی آسانی سے ہوجاتی ہے دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔