سیندک توسیعی معاہدہ: وفاقی، صوبائی حکومت اور چینی کمپنی کو نوٹس جاری
کوئٹہ (شریف خان ، دی نیشن رپورٹ + این این آئی) بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے سیندک توسیعی معاہدے کے خلاف دائر کیس میں وفاقی صوبائی حکومت اور چینی کمپنی (ایم سی سی) کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ آئندہ سماعت اگلے برس 8 جنوری کو ہو گی۔ مذکورہ پٹیشن بی این پی کے سنٹرل لیڈر ثناء بلوچ نے دائر کی تھی۔ ثناء بلوچ کا موقف ہے توسیعی معاہدہ عدالتی ہدایات کے منافی ہے۔این این آئی کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی نے سیندک توسیعی معاہدے کے خلاف دائر کیس میں چینی کمپنی (سیندک میٹلز لمیٹڈ) کو فریق بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ سیندک کا کیس اہم نوعیت کا ہے، عدالت دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ یہ بھی جاننا چاہے گی کہ قدرتی وسائل اور معدنیات کے دیگر منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں نے مقامی افراد کی زندگی میں بہتری لانے میں کیا کردار ادا کیا، گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ میں سیندک منصوبے پر کام کرنے کے معاہدے میں توسیع کے خلاف دائر کردہ درخواست کی سماعت ہوئی۔