کہوٹہ: کروٹ پاور پراجیکٹ پر کام کرنیوالا چینی انجینئر لاپتہ: دریا میں بہہ جانے یا اغوا کا خدشہ
راولپنڈی(آن لائن) کہوٹہ میں کروٹ پاور پروجیکٹ پر دریا سے منسلک سرنگ میں کام کرنے والا ایک چینی انجینئر لاپتہ ہو گیا۔پولیس، خفیہ ادارے کے حکام اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ نے لاپتہ 36 سالہ پینگزولیو کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سکیورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ چینی انجینئر کو دریا بہہ کر لے گیا تاہم پولیس نے اغوا کیے جانے کے امکان کو رد نہیں کیا کیوں کہ اس کا موبائل فون مسلسل بند ہے۔