نوازشریف، مریم کیخلاف توہین عدالت درخواست‘ وفاقی حکومت‘ پیمرا کو نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے عدلیہ مخالف بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کا حکم دے رکھا ہے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ 3جے کے تحت عدلیہ پر تنقید نہیں کی جاسکتی۔ عدالتی حکم کے باوجود نواز شریف، مریم نواز اور ن لیگی عہدیداران نے مختلف مواقع پر عدلیہ پر تنقید کی۔ دوسری جانب نواز شریف اور بیٹی مریم نواز کو سرکاری پروٹوکول دینے کے خلاف دائر درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو نااہل کیا۔ سابق وزیر اعظم نہ صرف پروٹوکول لے رہے ہیں بلکہ غیر قانونی طور پر پنجاب ہائوس کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کے لئے بھی استعمال کر رہے ہیں۔