12 ہزار بچے لاپتہ ہیں آئی جی سندھ کو فکر نہیں: ہائیکورٹ
کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ بھر سے 12 ہزار لاپتہ بچوں کی گمشدگی سے متعلق نجی ٹرسٹ کی جانب سے دائر درخواست پر آئی جی سندھ اور سندھ حکومت سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے بچوں کی بازیابی کے لیے موثر اقدامات کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ریماکس دیئے کہ سندھ بھر سے 12 ہزار بچے لاپتہ ہیں اور آئی جی سندھ کوئی فکر نہیں۔ ہمیںکچھ نہیں معلوم، بس ہمیں یہ معلوم ہے کہ بچوں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں 12 ہزار بچوں کی گمشدگی سے متعلق نجی ٹرسٹ کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت میں آئی جی سندھ کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی سرزنش کی اور انہیں فوراً جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالتی احکامات پر آئی جی سندھ کی جانب سے فوکل پرسن ایس ایس پی مقدس حیدر پیش ہوئے ۔ ایس ایس پی مقدس حیدر نے آئی جی سندھ کی جانب سے جواب داخل کرایا۔ جواب میں بتایا گیا کہ لاپتہ ہونے والے چار بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ 7 بچوں کی گمشدگی پر مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ دیگر بچوں کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔