صدر ممنون سے چین‘ قزاقستان ‘ویتنام اور بھارت کے سفیروں کی ملاقات‘ باہمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(سپیشل رپورٹ+این این آئی) چین‘ ویت نام اور بھارت کے سفیروں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر ممنون کو اپنی اسناد تقرر پیش کیں۔ صدرنے چین اور ویت نام کے سفیروں اور بھارت کے ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کے امن اور استحکام اور ترقی کے لئے خلوص کے ساتھ کوششیں کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔سرمایہ کاری کے لئے موزوں ملک ہے۔ ملک میں دہشت گردی دم توڑ گئی ہے‘امن لوٹ آیا ہے اب ملک سرمایہ کاری کے لئے مناسب ماحول فراہم کررہا ہے۔ چین کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دُنیا میں ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں صدر سے قزاقستان کے سبکدوش سفیر نے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں قزاقستان کے سفیر کا قیام بہت یاد گار اور مفید رہا۔صدر نے کہاکہ ہم آپ کو پاکستان کا بہترین دوست اور پاکستانی سمجھتے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ آستانہ کے دورے کے موقع پر صدر قزاقستان سے بڑی مفید ملاقاتیں رہیں ۔قزاقستان کے سفیر نے کہاکہ قزاقستان کے عوام پاکستان کو اپنا بھائی اور قریب ترین دوست سمجھتے ہیں۔