کاہنہ: بیکری کا باسی حلوہ کھانے سے 9 افراد کی حالت غیر، 4 کی تشویشناک
کاہنہ (نامہ نگار) بیکری سے باسی گاجر کا حلوہ کھانے سے بچے سمیت 9 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ کاہنہ کے رہائشی شیخ عظیم جو پراپرٹی ڈیلر ہے نے اپنے دفتر میں مہمانوں کیلئے فیروزپور روڈ پر واقع بیکری سے گاجر کا حلوہ منگوایا جس کے کھانے کے بعد 9 افراد کی حالت غیر ہو گئی جن کو طبی امداد کیلئے گورنمنٹ ہسپتال کاہنہ میں داخل کر ا دیا گیا جہاں ان میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ باسی اور مضر صحت گاجر کے حلوے سے متاثر ہو نے والے شیخ محمد عظیم، محمد منیر، ملک اعظم، بابا غفار، ملک احتشام، محمد سرور اور حاجی شرافت نے بتایا کہ رات کو گاجرکا حلوہ کھاتے ہی تمام لو گوں کی حالت غیر ہوگئی جب شہریوں نے بیکری کے سپروائزر سرور سے شکایت کی تو اس نے بتایا کہ چند اور لوگوں کی بھی حلوے کے بارے میں شکایت ملی تھی جس کی وجہ سے فوری طور پر حلوہ اٹھوا دیا گیا جبکہ بیکری کے ایریا منیجر سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ بیکری میں فراہم کی جانے والی اشیاء خوردونوش کی کوالٹی کا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ گورنمنٹ ہسپتال کے ڈاکٹر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ حلوہ باسی تھا، تمام لوگوں کی حالت فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے خراب ہوئی ہے۔ شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہو ئے کہا فوڈ اتھارٹی کے افسران صرف چھوٹے دکانداروں کو ہی چیک کرتے ہیں بڑی بیکریوں کے معیار اور کوالٹی پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔