اختیارات کیس: وفاقی حکومت‘ الیکشن کمشن کو نوٹس‘ اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پارلیمنٹ کی جانب سے الیکشن کمشن کا اختیار استعمال کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جبکہ اٹارنی جنرل کو معاونت کے لئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل سعد رسول نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نئے انتخابی قوانین میں امیدواروں کے نئے کاغذات نامزدگی کے فارم میں تبدیلی آئین کے آرٹیکل کی دو سو بائیس کی سنگین خلاف ورزی ہے۔آئین کے تحت کاغذات نامزدگی کے فارم میں پارلیمنٹ کو تبدیلی کا کوئی اختیار حاصل نہیں‘انہوں نے کہا کہ نئے انتخابی قوانین کے تحت بنائے گئے نئے کاغذات نامزدگی کے فارم میں انتخابات میں حصہ لینے والے سیاست دانوں کواثاثہ جات،قرضہ جات اوردوہری شہریت چھپانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔انہوں نے کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کوبے اثرکرنے کے لئے نئے انتخابی قوانین میں کاغذات نامزدگی کا فارم تبدیل کیا گیا۔عدالت نے وفاقی حکومت،الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پندرہ جنوری کو جواب طلب کر لیا۔عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔