سعودی عرب جانیوالے پاکستانیوں کیلئے آئندہ سال سے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہو گی
اسلام آباد (آن لائن) سعودی عرب جانے والے تمام پاکستانیوں کیلئے آئندہ سال یکم جنوری 2018 ء سے بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ سعودی سفارتخانے نے متعلقہ کمپنی کو اس بارے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق عمرہ زائرین اور دیگر افراد کیلئے جنوری 2018ء سے بائیو میٹرک نظام لازمی کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی سفارت خانے نے متعلقہ کمپنی ’’اعتماد‘‘ کو ملک میں اپنے تمام سنٹرز کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، یہ اقدام پاکستان سمیت دیگر ممالک سے سعودی عرب کا سفر کرنے والے تمام افراد کی سہولت اور سعودی شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔ ’’اعتماد ‘‘ کمپنی کے ڈائریکٹر سردار طارق نے آن لائن کو بتایا کہ پاکستان میں اعتماد کے 20سنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں اور عملہ عمرہ زائرین اور دیگر افراد کی خدمت کیلئے موجود ہے۔کمپنی کا عملہ پاکستانی شہریوں کیلئے بائیومیٹرک کی تصدیق کا عمل چند منٹوں میں مکمل کرتا ہے ، البتہ انہوںنے پاکستانیوں شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اعتماد کے دفتر آنے سے پہلے کمپنی میں وقت طے کرکے آئیں تاکہ وقت کے ضیاع اور کسی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔