عوامی تحریک کی اے پی سی 28 کی بجائے 30 دسمبرکو ہوگی: ترجمان‘ طاہرالقادری سے اجمل قادری کی ملاقات
لاہور (سپیشل رپورٹر) عوامی تحریک کے محمد طاہرالقادری سے جمعیت علماء اسلام کے سرپرست اعلیٰ مولانا اجمل قادری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اجمل قادری کو 30 دسمبر کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی اور شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سیاست نہیں‘ بے گناہوں کے خون اور انصاف کا معاملہ ہے۔ مظلوموں کو انصاف دینا حکومت اور ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ مظلوموں سے انسانیت سے پیار کرنے والی ہر جماعت اور طبقہ نے اظہاریکجہتی کیا جس سے ہماری اخلاقی قوت بڑھی۔ قاتلوں کو ہر حال میں قانون کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔ 31 دسمبر تک استعفے نہ آئے تو فیصلہ کن لائحہ عمل آئے گا۔ دریں اثنا سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 30 دسمبر کو ہونے والی اے پی سی میںشرکت کی دعوت دی 28 دسمبر کو ہونے والی اے پی سی اب 30 دسمبر کو ہوگی۔ اس فیصلے میں حلیف جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔