• news

' تحریک انصاف نے عوام کی عزت نفس، ووٹ کے تقدس کو بحال کیا: پرویز خٹک

نوشہرہ (صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جس نئے پاکستان کی تشکیل کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے اُس سے مراد ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے جس میں ہر شہری کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں اسلام واحد دین ہے جس نے اقلیتوں کے حقوق کا بھر پور تحفظ کیا ہے ۔صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے تحت نظام کی تبدیلی کیلئے ساڑھے چار سال بہترین کوشش کی ہے ۔اگر ادارے بالکل تباہ حال نہ ہوتے تو آج ہم اپنی کوششوں میں دو قدم اور آگے ہوتے قومی اداروں اور نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے عام آدمی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ امیر کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔سابقہ ادوار میں غریب عوام کو کھوکھلے نعروںسے دھوکہ دے کر ووٹ وصول کرلیا جاتا مگر کامیاب ہونے کے بعد اُمیدوار عوام کو بھول جاتے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا تحریک انصاف نے عوام کی عزت نفس اور ووٹ کے تقدس کو بحال کیا۔ غریب عوام کو تھانوں، پٹوارخانوں اور سماجی خدمات کے دیگر اداروں میں عزت دلائی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے رسالپور میں کرسمس کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ناظم لیاقت خٹک، مقامی نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کسی ایک طبقے کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہے ۔ہم اقلیت اور اکثریت کے تصور سے بالا تر ہر شہری کو کامیاب زندگی گزارنے کی سہولیات دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت غریب کو بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے سرکاری سکولوں کا معیار بلند کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ 36 سال اس نظام میں رہے ہیں اور اس کا بغور جائزہ لیا ہے انہوں نے کہا کہ یہاں کبھی روٹی کپڑا مکان کبھی پختون اور کبھی اسلام کے نام پر ڈرامہ ہوتا رہا واحد تحریک انصاف ہے جس نے اپنے منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کام کیا ملک بھر کے عوام اور نوجوانوں کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہے 2018 ء کے عام انتخابات میں نہ صرف خیبر پی کے بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔

پرویز خٹک

ای پیپر-دی نیشن