امریکہ ظلم کا حامی‘ ڈالروں کے عوض عالمی ضمیر خریدنا چاہتا ہے: ترک صدر اردگان
استنبول، دبئی (اے این این+ اے ایف پی+ آئی این پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا انصاف نہیں بلکہ ظلم کا حامی اور طرف دار ہے۔ موجودہ امریکی حکومت دنیا کو ڈالرز پر بلیک میل کررہی ہے اور ڈالروں کے عوض عالمی ضمیرکا سودا کرنا چاہتی ہے۔ جنرل اسمبلی میں بیت المقدس سے متعلق قرارداد پر صدر ٹرمپ کے رد عمل پر ترک صدر نے کہا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اپنے ایک ظالمانہ اقدام کو سند جواز فراہم کرنے اور ظلم کا ساتھ دینے کے لیے ڈالروں کے ذریعے عالمی ضمیر کا سودا کرنا چاہتی ہے۔ترک صدر نے فن کاروں اور دانشوروں کی ایوان صدر میں منعقدہ تقسیم ایوارڈ تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکیو تم ڈالروں سے ترک قوم کے ضمیر نہیں خرید سکتے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اپنے ضمیر کو نام نہاد جمہوریت کے کھوٹے سکوں کے عوض فروخت کرنے سے بچیں۔ چین نے پھر آزاد فلسطین کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔فلسطین کے خصوصی نمائندوں نے عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع کرنے پر شکریہ ادا کیا این این آئی کے سوشل میڈیا پر ترک صدر کیخلاف اماراتی وزیر خارجہ کی حمایت میں مہم عرب ٹی وی کے مطابق اردگان نے غصے سے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔