مقبوضہ کشمیر: حریت قیادت کی گرفتاری‘ مظالم کے خلاف مظاہرے‘ دھرنے ‘ بھارتی فورسز کے تشدد سے12 زخمی
سرینگر (اے این این + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین کی رہائی کے حق اور بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے گزشتہ روز بھی جاری رہے۔ اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 12افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، لوگوں نے مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنے دئیے۔ تفصیلات کے مطابق سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے گزشتہ روز وادی میں شہری ہلاکتوں اور خاص کر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والی خواتین کی شہادت پر پُرامن احتجاج کا اپیل کی تھی۔ دوسرے روز بھی نوہٹہ ،گوجوارہ، راجوری کدل، صرف کدل، ملارٹہ اوردیگر نزدیکی علاقوں کی سڑکوں اورگلی کوچوں پر پولیس اورفورسزکی جانب سے خاردارتاریں بچھاکررکاوٹیں ڈال دی گئیں جبکہ سبھی چوراہوں، نکڑوں اورگلی کوچوں کے دہانوں پر پولیس اور سی آرپی ایف کے دستے چوکنارکھے گئے تھے۔ لبریشن فرنٹ کی طرف سے جلوس برآمد کیا گیا۔ شرکا جلوس جب نعرہ بازی کرتے ہوئے لال چوک کی جانب آئے اور بڈشاہ چوک پر ایک پرامن احتجاجی دھرنا دیا۔ یونسو ، ٹھنڈی پورہ کرالہ پورہ اور شوپیاں میں ہوئی شہری ہلاکتوں کے خلاف لوگو ں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی اور احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران مختلف علاقوں میں فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 12افراد زخمی ہوئے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا بے دریغ استعمال کیا۔اسمبلی کے رکن اور نیشنل کانفرنس کے رہنما عبدالمجید لارمی نے انکشاف کیا ہے کہ جولائی 2016ء میں کمانڈر برھان وانی کی شہادت کے بعد اب تک250 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بیت المقدس کو اسرائیل کا داراحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ میں بھارت کے ووٹ دینے کے اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا‘ مجھے فخر ہے بھارت نے اقوام متحدہ میں بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافیہ تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کیخلاف ووٹ دیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا‘ بھارت کا یہ ووٹ فلسطین کے متعلق ہمارے موقف اور حمایت کا عکاس ہے۔ نیشنل کانفرنس اور رکن پارلیمان فاروق عبداللہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان کے خلاف قرارداد کی اکثرتِ سے منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان تمام ممالک کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے امریکہ کیخلاف صف آرا ہوکر امریکی صدر کے تاناشاہی پر مبنی فیصلے کو یکسر مسترد کردیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دختران ملت کی محبوس سربراہ آسیہ اندرابی کی عدالت عالیہ کی جانب سے رہائی کے بعد پولیس کی جانب سے دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خاتون وزیر اعلیٰ انسانیت اور اخلاق سے عاری ہوکر اب یہاں کی عورت ذات کے خلاف برسرِ جنگ ہوگئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں نظربندی کو آٹھ سال مکمل ہو گئے ۔ حریت ترجمان نے گیلانی کی مسلسل نظربندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ریاستی دہشتگردی کے اس عمل کا سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ آزادی پسند راہنما کو نماز جمعہ جیسے اہم دینی فریضے سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے حزب کمانڈر سید صلاح الدین کے فرزند کے ریمانڈ میں 19جنوری تک توسیع کر دی۔