چین‘ بھارت مذاکرات‘ سرحدی علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے پر اتفاق
واشنگٹن (این این آئی) بھارت اور چین نے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سرحدی تنازعے کا حل دونوں ملکوں کے بہترین کے مفاد میں ہے۔ مذاکرات میں بھارتی وفد کی قیادت قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور چین کے وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی یینگ جئے چی کر رہے تھے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ان دونوں ملکوں کے تعلقات بعض سرحدی علاقوں کی باقاعدہ حدبندی نہ ہونے کی بنا پر اکثر مسائل کا شکار رہے ہیں اور 1962ء میں دونوں ملکوں کے درمیان شدید سرحدی جنگ ہوئی تھی جو ایک ماہ تک جاری رہی جس میں بھارت کو خاصی ہزیمت اْٹھانی پڑی تھی۔ ہونے والی بات چیت میں دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ جب تک سرحدی تنازعہ مکمل طور پر طے نہیں کر لیا جاتا، اْس وقت تک سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنا اشد ضروری ہے۔ دونوں ملکوں میں حالیہ سرحدی تنازعہ بھوٹان میں پیش آیا جب گزشتہ جون میں بھارتی فوجوں نے بھوٹان کے ڈوکلم علاقے میں چین کو ایک سڑک کی تعمیر سے روکنے کیلئے پیش قدمی کی۔ اس کے بعد 28 اگست کو دونوں ملکوں کی مسلح افواج نے محاذ آرائی ختم کر کے واپس جانے پر اتفاق کیا۔