گوجرانوالہ: دوائی لانے کے بجائے کمسن بیٹے کو زمین پر پٹخ دیا‘ بچہ ہسپتال میں چل بسا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سنگدل باپ نے دوائی لاکر دینے کی بجائے اپنے دو سالہ بیمار بیٹے کو زمین پر پٹخ دیا، کمسن بچہ ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا، جبکہ پولیس نے ماں کی مدعیت میں خاوند کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، بتایا گیا ہے کہ محلہ بھیکو پورہ جناح روڈ گلی نمبر 3کی ماریہ بی بی نے گزشتہ رات اپنے خاوند علی احمد کو موسم کی تبدیلی کے باعث بیمار ہوجانے والی تین سالہ بیٹی کشف اور تقریبا دو سالہ بیٹے آریان کی دوائی لانے کا کہا جس پر دونوں میاں بیوی کے مابین جھگڑا ہو گیا ، علی احمد جھگڑنے کے بعد گھر سے چلا گیا، کچھ دیر بعد گھر واپس آکر طیش میں آنے پر بیڈ پر سوئے بیٹے کو اٹھا کر نچلی منزل کے فرش پر پھینک دیا، جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونیوالے کمسن بچے کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر تھانہ سول لائن پولیس کا کہنا تھا کہ ماریہ بی بی کی مدعیت میں اسکے خاوند کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، تا حال ملزم فرار ہے ، جس جلد گرفتار کر لیا جائے گا َ۔