• news

اپنی پارٹی میں عام لوگوں کو ہی پروموٹ کریں گے: جسٹس (ر) وجیہہ الدین

شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار) عام لوگ اتحاد کے سربراہ جسٹس (ر) وجہیہ الدین نے کہا ہے کہ ہم عام لوگوں کو پروموٹ کریں گے اور عام لوگوں کو نظام کا حصہ بنانے کیلئے دیگر سیاسی جماعتو ں کو ساتھ لیکر ایسا پلیٹ فارم وضع کریں گے جہاں سے عوام کی آواز بلند کی جاسکے گی۔ عام لوگوں کے مسائل کو اجاگر کیا جاسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر ڈی اور ایم آر ڈی کے شہداء کے لواحقین اور تحریک میں قربانیاں دینے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار سے تحریک انصاف (ن) کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کم برائی کو چننے کا کھیل جاری ہے ۔ ہم اپنے اپنے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے کم برائی کو قبول کررہے ہیں جس سے ہم تباہی کی طرف گامزن ہیں۔ اگر ہم شفاف مضبوط محفوظ پاکستان چاہتے ہیں تو پھر تحریک انصاف (نظریاتی ) کے نعرہ’’ کرپشن کی سزا موت ‘‘ اورــ ’’جھوٹ کی سزا نااہلی ‘‘کو قومی نعرہ بنانا ہوگا۔ جسٹس (ر) وجہیہ الدین کی پارٹی عام لوگ اتحاد اور پارٹیوں کے ساتھ ملکر اچھے اور باکردا ر امیدوار میدان میں لاکر ہی برائی کا مقابلہ اور خاتمہ کیا جاسکتا ہے ورنہ نعروں تقریروں اور نظموں سے کچھ حاصل ہونے والا نہ ہے۔ سیمینار کی صدارت سیف اللہ سیف ،مہمان خصوصی چوہدری ارشد تھے۔ سیمینار سے ساجدہ میر ،رانا اسامہ ،خان محمد مطاہر خان ،اظہر جمیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن