قائداعظمؒ کا 142 واں یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا، مزار پر گارڈز کی تبدیلی
لاہور+اسلام آباد(خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم ولادت لاہور سمیت ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ سیاسی جماعتوں اور سیاسی و سماجی تنظیموں نے قائداعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات اور سیمینار کئے جس میں مقررین نے قائداعظمؒ کی دنیا کی پہلی اسلامی مملکت پاکستان کے قیام کے لئے کاوشوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے فرمودات قائداعظمؒ کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن پر عمل کرکے ہی پاکستان کو اسلامی فلاحی جمہوری ریاست بنایا جاسکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے دفتر مسلم ٹائون ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے مرکزی دفتر نصیر آباد گلبرگ‘نظریہ پاکستان فورم‘ ق لیگ ‘ مجلس قائداعظمؒ کے زیراہتمام تقریبات اور قرآن خوانی کی محافل ہوئیں۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے دفتر میں تقریب کی صدارت یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین شاہد نے کی جبکہ مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) ورکرز آرگنائزیشن کے مرکزی صدر خواجہ محمود احمد تھے۔ میاں غلام حسین شاہد نے کہا کہ قائداعظمؒ کے کردار و عمل پر چلا جاتا تو پاکستان آج ان بحرانوں میں گرفتار نہ ہوتا۔ خواجہ محمود احمد نے کہا کہ قائداعظمؒ نے جمہوری طریقے سے پاکستان بنایا جمہوریت پر چل کر ہی ہم پاکستان کو قائم رکھ سکتے ہیں ۔کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پرگارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی۔مزار قائد پر منعقد ہونے والی تقریب میں پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی نے پریڈ کا معائنہ کیا، مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔