قائداعظم کے ویژن پر عمل کر کے پاکستان کو مضبوط، محفوظ بنا سکتے ہیں آرمی چیف
لاہور + راولپنڈی (خصوصی رپورٹر + نیٹ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان کی مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا قائداعظم کی انسانی اقدار اور سماجی انصاف کا نقطہ نظر قیام پاکستان کی بنیاد بنا، ان کے وژن کے مطابق سماجی انصاف کو فروغ دیا جا رہا ہے، قائد کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو مضبوط، محفوظ بنا سکتے ہیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کرسمس کے تہوار پر راولپنڈی میں واقع کرائسٹ چرچ گئے اور کرسمس کی تقریب میں شریک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ آمد پر چرچ انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے قیام پاکستان اور اس کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں مسیحی برادری کے زیر انتظام قائم صحت، تعلیم اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج میں شامل مسیحی برادری کے جوانوں کا خاص طور پر ذکر کیا۔ اس موقع پر کمانڈر راولپنڈی کور بھی موجود تھے۔