نواز شریف کی 68ویںسالگرہ ، کارکنوں نے ایک ہزار پائونڈ کا کیک تیار کیا، عوام بہترین منصف 2018ء میں انکا فیصلہ آئیگا: سابق وزیراعظم
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے اہل خانہ کے ساتھ اپنی 68ویں سالگرہ منائی جبکہ 100 کے قریب مختلف شخصیات اور پارٹی قائدین نے کیک اور گلدسے بھجوائے۔ مریم نواز نے قائداعظم محمد علی جناح اور اپنے والد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے ٹوئیٹر پر مبارکباد کا پیغام ٹوئٹ کیا۔ جاتی امراءمیں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر نواز شریف کی درازی عمر، مشکلات کے حل کیلئے بکرے کا صدقہ بھی دیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف مقام پر نوازشریف کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریبات ہوئیں۔ نواز شریف نے کیک اور پھول لے کر آنے والے پارٹی ارکان سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے اس ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور حق سچ لے کر ملکر جدوجہد کرنا ہے جب تک اس ملک میں عوام کے ووٹ کا تقدس نہیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عوام بہترین منصف ہیں، 2018 میں ان کا فیصلہ آئیگا۔ رکاوٹوں کے باوجود وعدے پورے کئے۔ نواز شریف کی سالگرہ پر ایک ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک تیار کیا گیا۔ مریم نواز نے کیک بھیجنے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے سارے کیک محبتوں کا اظہار ہیں۔