بچے اور نوجوان قوم کا مستقبل، قائداعظم، اقبال کو آئیڈیل بنا کر ترقی کیلئے آگے بڑھیں: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بچے اور نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور پاکستان کی نصف آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قائد اعظم کے افکار اور تعلیمات کی روشنی میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں قائداعظم کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ کیے گئے بچوں کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں بچوں نے اپنے عظیم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے اقتصادی شعبے میں ترقی ہوئی ہے۔ اگلے سال کے آخر تک جی ڈی پی کی شرح چھ فیصد ہونے کی امید ہے اور آئندہ تین چار برسوں میں اسے آٹھ فیصد تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری موجودہ صدی کا عجوبہ ہے جس سے اس خطے کی قسمت بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی فعالی کے بعد پاکستان اس خطے کا اہم ملک بن جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کئی ممالک کے رہنماوں نے سی پیک سے منسلک ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ صد رمملکت نے بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ بچیاں جہاں تک چاہیں تعلیم حاصل کریں لیکن انھیں چاہیے کہ وہ جہاں بھی جائیں اپنی تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ دوسری تہذیبوں کی اندھی تقلید سے مسائل جنم لیتے ہیں۔ بچیوں کی اچھی تربیت سے مثبت معاشرے بنتے ہیں اور معاشرے سے ایک مضبوط قوم بنتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے اور اس سے استفادہ کیے بغیر ہم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شامل نہیں ہو سکیں گے۔ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے اور مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح میں وہ تما م خوبیوں موجود تھیں جو ایک اعلی پائے کے لیڈر میں ہونی چاہیے تھیں۔ان کی صداقت، امانت داری اور مخلص پن نیوہ وہ مملکت دی جو ایک خواب تھی۔ انھوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور اس دور کے دیگر قائدین کو اپنا آئیڈیل بنایا جائے، پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے قائداعظم کے دن کے حوالے سے قومی نغمے گائے اور ٹیبلو پیش کیے جنہیں صدر مملکت ، خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین اور معز ز مہمانوں نے خوب سراہا۔ گلوکارہ حمیرا ارشد، علی عباس اور اویس نیازی نے بھی ملی نغمے گا کر قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت بچوں میں گھل مل گئے اور قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔