• news

پاکستان میں عظیم ترقی اور سماجی ماحول میں گہری تبدیلی دیکھی: چینی سفیر یاؤ جنگ

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ میں نے اپنے سفارتی کیریئر کا آغاز پاکستان سے کیا تھا۔ پاکستان کے لئے ایک نرم گوشتہ رکھتا ہوں۔ یوم قائداعظم پر جاری کئے گئے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برس میں پاکستان میں دو مرتبہ سفارتی ذمہ داریاں نبھا چکا ہوں۔ میں نے پاکستان میں عظیم ترقی اور سماجی ماحول میں گہری تبدیلی دیکھی ہے۔ میں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ لوگوں کا معیار زندگی مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔ بطور چینی سفیر پاکستان کو آگے بڑھتا دیکھ کر دلی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات چھیاسٹھ برس پرانے ہو چکے ہیں۔ ان سالوں میں پاکستان اور چین نے دکھ سکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ہم پاکستان کو اپنا فولادی بھائی کہتے ہیں۔ پاکستان کی ہمارے دلوں میں ایک منفرد پوزیشن ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا کے لئے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ 2015 ء میں چینی صدر ژی پنگ نے پاکستان کا تاریخی دورہ کیا۔ اس دورے سے پاکستان اور چین کی روایتی دوستی زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ اس سال اکتوبر میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں صدر ژی جن پنگ کے سوشلزم کے بارے خیالات اور فلسفہ کو چین کے نئے عہد کے لئے کلیدی حیثیت دی گئی۔ گزشتہ پانچ برس میں چین نے معاشی طور پر تاریخی پیشرفت کی ہے اور اصلاحات نافذ کی ہیں۔ چین کی مجموعی قومی پیداوار 12 ٹریلین امریکی ڈالر کے برابر پہنچ گئی ہے۔ چین کی معیشت 7.1 فیصد سالانہ کی شرح سے ترقی کر رہی ہے۔ چین دنیا کی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ 2020ء تک چین ایک مقبول خوشحال ملک کی حیثیت اختیار کرے گا۔ چین دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر بین الاقوامی امن اور ترقی کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن