قائداعظمؒ کے پاکستان کو اشرافیہ نے اپنی جاگیر بنالیا: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قائداعظم کے وژن پر عمل کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں اور فرمان کے مطابق چلانے کی راہ میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ملکی تاریخ کے ستر سال محرومیوں اور مجبوریوں کی ناقابل فراموش داستان ہیں۔ قائداعظم پاکستان کو اسلامی و فلاحی اور دنیا کے لیے ایک مثالی ملک بنانا چاہتے تھے۔ تحریک پاکستان میں مسلمانان ہند نے رنگ و نسل، برادری اور مسلکوں سے بالاتر ہو کر حصہ لیا۔ لاکھوں جانیں قربان کرنے کے بعد حاصل کیے گئے پاکستان کو انگریز کے پروردہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے عوام کے لیے ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ قائداعظم کے پاکستان کو اشرافیہ نے اپنی جاگیر بنا لیا ہے۔ عوام کے حقوق غصب کرنے والے عوامی نمائندے نہیں غاصبوں کا ٹولہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے فرمان کے مطابق پاکستان کی تعمیر ہے۔ موجودہ حکمران قطعا ً عوام کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ عوام بجاطور پر حکمرانوں کو ہی اپنے تمام مسائل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر رکھا ہے۔ جمہوریت کا راگ الاپنے والے خود اپنی پارٹیوں میں جمہوریت کو برداشت نہیں کرتے۔ حکمران رہنے والی دونوں جماعتوں کے سربراہوں نے جمہوریت کو مذاق بنایا ہوا ہے۔ وہ اپنی ہی جماعتوں کو ذاتی جاگیر یں اور خاندانی پراپرٹی سمجھتے ہیں اور غریب پارٹی ورکر کو کسی منصب پر نہیں پہنچنے دیتے۔ انہوں نے کہا جب تک چوری کا مال برآمد نہیں کیا جاتا، اس وقت تک احتساب کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا اس لیے ضروری ہے نہ صرف نوازشریف بلکہ پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں، بنکوں سے اربوں روپے قرض لے کر معاف کرانے اور این آر او جیسے کالے قانون سے فائدہ اٹھانے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے۔
سراج الحق