کالاباغ‘ پارا چنار: بارودی سرنگ دھماکے میں شہید نائیک اور سپاہی فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک
کالاباغ+ پاراچنار (نامہ نگار+ اے پی پی) شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونیوالے نائیک اور سپاہی اپنے اپنے علاقوں میں فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک کردئیے گئے۔ کالاباغ میں نائیک عنایت اللہ خٹک شہید ولد صوالیخین کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان درگہ (تبی سر) میں سپردخاک کردیا گیا۔ وہ بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ شمالی وزیرستان میں شہید سپاہی محسن علی طوری کو ان کے آبائی گائوں لقمان خیل پاراچنار میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقہ غلام خان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی طرف سے نصب بارود سرنگ دھماکے کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوئے جن میں پاراچنار کے گائوں لقمان خیل سے تعلق رکھنے والے سپاہی محسن علی ولد غفار علی بھی شامل تھا جس کی میت اس کے آبائی گائوں لقمان خیل پہنچا کر مجلس عزا کے بعد قبرستان میں پورے فوجی اغزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔