• news

موجودہ حکومت کے4سال کے دوران 136 ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی

کراچی(این این آئی) ملک میں موجودہ حکومت کے 4 سال کے دوران 136 ارب روپے سے زائدکی بجلی چوری ہوئی ہے۔دستیاب دستاویز کے مطابق 2013-14 سے لے کر 2016-17 کے دوران ملک میں 136 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بجلی چوری ہوئی۔ کمپنیوں کی جانب سے 87 ہزار 380 یونٹ بجلی خرید کر 71 ہزار 55 یونٹ فروخت کیے گئے اور 16 ہزار 325 یونٹ چوری اور دیگر نقصانات کی نذرہوئے۔ نیپرا کے مقررہ اہداف سے بھی 4 ہزار704 یونٹ اضافی یونٹس چوری ہوئے۔ 2013-14 کے دوران میپکو 38 فیصد لاسز کے ساتھ سہرفہرست رہی اور کمپنی میں 12 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوئی۔ کمپنیوں کی صارفین کو 72 ہزار 642 یونٹ فراہم کیے گئے۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے سال 2014-15 کے دوران 40 ارب 61 کروڑ روپے سے زائدکی بجلی بدانتظامی کی نذر ہوئی۔3 ہزار 68 یونٹ نیپرا کے مقررہ اہداف سے زیادہ ضائع ہوئے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2015-16 کے دوران 18 ارب 74 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہوئی جس میں سے سب سے زیادہ بجلی چوری حیسکو میں ہوئی اور صرف ایک کمپنی میں ایک سال کے دوران 4 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوئی۔ دستاویز کے مطابق 2016-17 کے دوران بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے 19 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوئی اور کمپنیوں نے 17 ہزار 833 یونٹ ضائع کیے۔ نقصانات کی اوسط شرح 17 اعشاریہ 9فیصد رہی اور نیپرا کی مقررکردہ اہداف سے ایک ہزار 593 یونٹس زیادہ ضائع ہوئے۔ حیسکو کے نقصانات 30 فیصد رہے اور کمپنی کی جانب سے صارفین کو ایک سال کے دوران 5 ارب 60 کروڑ روپے کا چونا لگایا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن