پاکستان عسکریت پسندوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ ہے ‘ نرمل سنگھ کی ہر زہ سرا ئی
سرینگر (آن لائن) راجوری میں چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے نائب وزیر اعلی نرمل سنگھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی رینجرز کی جارحیت کا سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ جموں میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نرمل سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان عسکریت پسندوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب عالمی برادری پاکستان کو انتہا پسند ملک قرار دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا ضرور بدلہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف درپردہ جنگ شروع کر رکھی ہے جبکہ دشمن نے پیچھے سے وار کر کے ہمارے چار فوجیوں کی جانیں لی ہیں۔