• news

کراچی :عنبرین کے شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا

کراچی (کرائم رپورٹر) سولجر بازار میں فائرنگ سے قتل ہونے والی سکول پرنسپل کے شوہر علی حسن نے عدالت میں اقبال جرم کرلیا۔ قتل ہونے والی عنبرین فاطمہ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مقتولہ کے شوہر علی حسن نے عدالت میں بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے سٹی کورٹ میں شوہر علی حسن، دوسری بیوی سحر اور سالے بالاج کو عدالت میں پیش کیا۔ علی حسن نے کہا کہ کیس میں گرفتار دیگر ملزمان سحر اور بالاج کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ اعتراف جرم کررہے ہیں؟، اعترافی بیان دینے کے لیے قانونی طریقہ موجود ہے۔ ملزم نے کہا کہ میں یہ بیان پولیس کے سامنے بھی دے چکا ہوں۔ ملزم کی بیوی سحر نے بیان میں کہا کہ علی حسن نے اس سے پستول مانگا جو اس نے دے دیا لیکن اسے نہیں پتا تھا کہ ملزم نے پستول کس مقصد کے لیے لیا ہے۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ علی حسن نے عنبرین فاطمہ کو قتل کرکے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دے دیا، واردات میں استعمال ہونے والا پستول ابھی برآمد کرنا ہے۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو 28 دسمبر تک 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سولجربازار میں 9 دسمبر کو عنبرین فاطمہ کو اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنے شوہر علی حسن کے ہمراہ کار میں جارہی تھی جبکہ ملزم نے واردات کو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن