حافظ آباد: تنگدستی کے باعث خود کو آگ لگانے والا برخاست کانسٹیبل ہسپتال میں چل بسا
حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) تنگدستی سے عاجز آکر خود سوزی کرنے والا نوکری سے برخاست کانسٹیبل زخموںکی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ میاں دا کوٹ حافظ آباد کے پولیس ملازمت سے برخاست کانسٹیبل محمد عثمان ولد عنایت اﷲ نے چھ روز قبل تنگدستی سے عاجز ہوکر کولو روڈ پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی تھی جس پر اسے فوری طور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیجایاگیا، تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کردیا گیا تھا۔ گذشتہ روز محمد عثمان زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔ متوفی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کرد یا گیا۔