شیخوپورہ، قصور،مانانوالہ گکھڑ منڈی: گیس ، بجلی کی بندش کیخلاف عوام کا احتجاج
شیخوپورہ+ قصور+ مانانوالہ+ گکھڑ منڈی (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) گیس و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر عوام نے احتجاج کیا۔ مانانوالہ میں گھریلو صارفین گیس کی عدم فراہمی سے پریشانی کا شکار ہوکر رہ گئے۔ مرحوم محلہ قادر آباد‘ محلہ رہینہ آباد سمیت فیصل ٹائون سیم نالہ، گابا سویٹس والا روڈ کے مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ محلہ رہینہ آباد کے ناصر حسین اور میاں عمر ڈاکٹر ایوب اور محلہ قادر آباد کے محمد شکیل ، محمد ظفر، ذوالفقار، ادریس بھٹی اور فیصل ٹائون کے ناصر مان، محمد حیدر، یاسر شیخ سمیت دیگر محلوں کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے گیس فراہمی کے تمام حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سردی شروع ہوتے ہی گیس فراہمی روک دی گئی گیس سے طالب علموں، ملازم پیشہ اور عام آدمی سمیت مزدور طبقہ بھی شدید پریشان ہیں۔ پورے دن میں بمشکل دو گھنٹے بھی گیس پوری طرح نہیں آتی اس دوران پریشر بھی اتنا کم کہ کوئی چیز چولہے پر گھنٹوں رکھنے کے بعد بھی تیار نہیں ہوپاتی۔ شہری کھانا بنانے کیلئے گوداموں سے لکڑی یا سلنڈر کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شیخوپورہ میں یوم قائد اعظم اور کرسمس ڈے کے موقع پر بھی سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہریوں کو تقریبات میں شرکت کیلئے تیاریوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بعض مقامات پر گیس اور بجلی کی بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے صارفین کے مطابق ضلع کے صنعتی اداروں میں سوئی گیس کی چوری عروج پر ہے جس کی سزا گھریلو صارفین کو دی جارہی ہے سارا دن سوئی گیس کی معطلی کے باعث شہری کھانے پکانے سے بھی عاجز آگئے دوسری طرف مسیحی برادری کو بھی گھروں میں کرسمس ڈے کی تیاریوں کے سلسلہ میں کھانے پکانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا معلوم ہوا ہے کہ حکومت نئے سال میں ضلع میں مزید 25ہزار نئے سوئی گیس کے کنکشن دے رہی ہے جس سے گیس کا مزید پریشر کم ہونے کیساتھ لوڈشیڈنگ میںبھی اضافہ کا امکان ہے ۔ قصور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری‘شہر میں 12 گھنٹے جبکہ دیہات میں دورانیہ 14 گھنٹے تک جا پہنچا جس سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں اور ان کے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے کاروباری حلقوں نے بجلی فراہمی نہ ہونے سے بیروزگار ہونے لگے نجی اور سرکاری اداروں میں جانے والے سائلین کو بجلی نہ ہونے سے کام کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گکھڑ منڈی میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ صبح سات بجے سے لیکر تاحال غیراعلانیہ جاری ہے جس کی وجہ سے تمام دن خواتین کو کھانا پکانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے گزشتہ تین ہفتوں سے زائد عرصہ سے قصبہ میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔