• news

عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کے عمل کا آغاز کردیا گیا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی حلقہ بندیوں کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا، صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے متعلقہ ڈیٹا کا حصول شروع کر دیا۔حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے اضلاع اور تحصیلوں کے نقشوں، شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کے نوٹیفیکیشن کا حصول شروع کر دیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشنز، ٹاون کمیٹیوں، میونسپل کمیٹیوں کے شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع اور تحصیلوں کے سرکلز اور بلاکس کی سطح کا ڈیٹا سافٹ کاپی میں بھی مانگا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے محکمہ مردم شماری کو شماریات بلاکس میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ڈیٹا 5جنوری تک فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ 10جنوری تک حلقہ بندیوں سے متعلق دستاویزات کے حصول کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔15جنوری سے 28فروری تک حلقہ بندیوں کی ڈرافٹ پرپوزل تیار کر کے الیکشن کمیشن کو دی جائے گی، 5 مارچ سے 3 اپریل تک ڈرافٹ پرپوزل پر اعتراضات وصول کیئے جائیں گے جبکہ 4اپریل سے 3مئی تک اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن