• news

فاٹا اصلاحات کمیٹی کا بینہ عملدرآمد میں تبدیل‘ وزیر دفاع‘ کور کمانڈر پشاور شامل

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے ایکٹ مجریہ 1974ء کے شیڈول میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کا مقصد توہین مذہب اور پورنو گرافی کے جرائم کو انسداد الیکٹرانک جرائم مجریہ 2016ء کے تحت لایا جائیگا، کابینہ نے 9 نومبر 2017ء اور 17 نومبر 2017ء کو پاک چین اقتصادی راہداری پر کابینہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاسوں کے منٹس کی بھی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یکم نومبر 2017ئ، 13 نومبر 2017ء اور 28 نومبر 2017ء کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاسوں کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے اصولی طور پر وزارت اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل اور جمہوریہ کوریا کی وزارت روزگار و محنت کے مابین ایمپلائمنٹ پرمٹ سسٹم کے تحت ورکروں کو بھیجنے اور لینے سے متعلق نظرثانی شدہ مفاہمت کی دستاویز پر دستخطوں کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں بتایا گیا 25 نومبر 2017ء اور 26 نومبر 2017ء کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی نشریات کو بند کرنے اور بعد ازاں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایات وفاقی حکومت کی پالیسی ہدایات تھیں، اجلاس میں ان دونوں ہدایات کی رو بہ ماضی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں محمد ارشد خان جدون کی بطور چیئرمین امپلیمنٹیشن ٹربیونل فار نیوز پیپرز ایمپلائز (آئی ٹی این ای) تقرری کی رو بہ ماضی منظوری دیدی گئی، کابینہ نے انہیں ایم پی ون سکیل دینے کی بھی منظوری دی، ان کی تقرری دو سال کے عرصے کیلئے ہے۔ کابینہ نے قربان علی خان، سعود عمران اور ڈاکٹر ذوالفقار احمد کی بالترتیب بطور ممبر ٹیکنیکل کسٹم اپیلٹ ٹربیونل پشاور، ممبر ٹیکنیکل کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ ون لاہور اور ممبر ٹیکنیکل کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ ون کراچی کی تقرری کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں سلمان حبیب کی پی آئی اے سی ایل بورڈ کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ کی بھی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمان (ستارہ امتیاز ملٹری) کی بطور ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی تقرری کی منظوری بھی دیدی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے عالمگیر ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کی رہنما ہدایات میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فاٹا اصلاحات پر قومی عملدرآمد کمیٹی کی تشکیل کی رو بہ ماضی منظوری دیدی گئی۔ وزیر دفاع اور گیارہویں کور کے کور کمانڈر کو بھی اس اعلیٰ سطحی عملدرآمد کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے میڈیکل ڈیوائس رولز 2017ء کی بھی منظوری دی جو رولز 2015ء کی جگہ لیں گے۔ ۔ وفاقی کابینہ نے سیلز ٹیکس سپیشل پروسیجر رولز مجریہ 2017ء میں ترامیم کی بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد (۱)پٹرولیم کنسیشن کے علاقوں میں بطور آپریٹرز کام کرنے والی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کی کمپنیوں کو متناسب اِن پُٹ ٹیکس دیگر ورکنگ انٹرسٹ مالکان کو ٹرانسفر کرنے کی اجازت اور (۲)سیلز ٹیکس سپیشل پروسیجر رولز مجریہ 2007ء کے رول 58ٹی کے تحت اوگرا کے پاس رجسٹرڈ لبریکیٹنگ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو یا ان سے لبریکینٹ کی سپلائی کے ضمن میں اضافی ٹیکس نکالنا ہے تاکہ اندرونی کھپت کیلئے تیار کنندگان رجسٹرڈ کئے جا سکیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات پیکج پر عملدرآمد کے متعلق تفصیلی غور کیا گیا۔ فاٹا اصلاحات تیار کرنے والے کمیٹی کو کابینہ کی عملدرآمد کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کابینہ کی عملدرآمد کمیٹی کو فاٹا اصلاحات پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے 2018 ء کے حج انتظامات پر بریفنگ دی اور فیصلہ کیا گیا پرائیویٹ حج کوٹہ 40 سے کم کرکے 33 فیصد کر دیا جائے گا۔ پرائیویٹ کوٹہ کم کرنے کا مقصد غریب عازمین حج کو سہولت دینا ہے۔ کابینہ کی عملدرآمد کمیٹی میں کور کمانڈر پشاور ہوں گے۔ کابینہ نے سال 2018ء کی حج پالیسی کی اصولی منظوری دیدی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج کیلئے جائیں گے۔ عازمین حج کیلئے بہترین سفری اور رہائش کی سہولیات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں کنٹونمنٹ ہسپتال راولپنڈی کی تزئین و آرائیش کے بارے میں ایک بریفنگ کے دوران کہا شہریوں بالخصوص معاشرے کے غریب افراد کو صحت کی مناسب سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت ہسپتال کو تمام ضروری امداد فراہم کرے گی تاکہ اس قابل بنایا جائے وہ پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں کمیونٹی کی خدمت کر سکے۔ ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعظم کو بتایا اپ گریڈیشن منصوبے میں 500 بستروں پر مشتمل موجودہ ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کے علاوہ میڈیکل کالج کا قیام بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وفاقی کابینہ نے آئندہ سال سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا وفاقی کابینہ نے آئل پروڈکشن کمپنیوں پر سیلز ٹیکس رولز میں تبدیلی کی منظوری دیدی۔ میڈیکل ڈیوائسز رولز 2017ء کی بھی منظوری دیدی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن