ورلڈ الیون ہاکی کا دورہ پاکستان ‘نیاشیڈول جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر )کرکٹ کے بعد اب ورلڈ الیون ہاکی کے کھلاڑی بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ورلڈ الیون کے 16 کھلاڑی براستہ دبئی سے کراچی پہنچیں گے جبکہ ورلڈ الیون میں ہال آف فیم کے پانچ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ورلڈ الیون پاکستان آمد کے بعد اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو کراچی میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ الیون میں ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیم اور چین کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی کھلاڑی سہیل عباس ورلڈ الیون کی نمائندگی کریںگے۔ہال آف فیم میں ہالینڈ کے پینالٹی کارنر سپشلسٹ بوویلنڈر، پال لی جینز، روب لاتھورز اور آسٹریلیا کے چارلس ورتھ اور ڈان پرائر شامل ہوں گے۔پاکستان کی جانب سے صلاح الدین، شہباز سینئر، حسن سردار، شہناز شیخ اور اختر رسول نمائندگی کررہے ہیں۔ اس سے قبل اعلان کردہ پروگرام کے مطابق مہمان کھلاڑیوں نے 8 جنوری کو پاکستان آنے کے بعد پہلا میچ 12کو کراچی میں جبکہ دوسرا 14کو لاہور میں کھیلنا تھا۔ورلڈ الیون میں مجموعی طور پر 6 ممالک کے 15 سے زائد غیر ملکی پلیئرز نے شرکت کی تصدیقی کردی ہے۔ جن میں ہالینڈ سے روب ریکرز، روڈرک ویشتوف، فلپ میولین بروک، ماتھیس برور ہائڈترکرکسترا ہوں گے۔سپین سے سینٹی فریکزا، جے اسکارا، ڈیوڈ الگیئر اور روک اولیویا شامل ہیں۔ارجنٹائن کے ڈیاگو پیز، ناہول سیلز، آگسٹن بگالو بھی ورلڈ الیون ہاکی ٹیم میں نمائندگی کریں گے۔ ورلڈ الیون کے دورے کے دوران ہی انٹرنیشنل لیگ کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔